میرپور،بیرونی ریاست سے دودھ لانیوالی گاڑیاں فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت ضبط ،ایف آئی آر درج

ہفتہ 9 اگست 2025 14:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی میرپور نے ڈی ایف سی عدنان علی نقوی اور منظم اکرم کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے بیرونی ریاست سے دودھ لانے والی گاڑیوں کو فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت ضبط کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرادی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بیرونی اضلاع سے دودھ کی ترسیل پرمعزز عدالتِ عظمیٰ اور آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مکمل پابندی عائد ہے، تاہم ایک عرصے سے خلافِ ضابطہ، غیر معیاری اور انتہائی غیر حفظانِ صحت طریقے سے دودھ چوری چھپے میرپور لایا جا رہا تھا۔

سیکریٹری فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر نہ صرف گاڑیوں اور دودھ کو تحویل میں لے لیا گیاا ورپولیس کے ذریعے اس غیر معیاری دودھ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق جن دکانوں کو یہ دودھ سپلائی کیا جا رہا تھا، ان کے خلاف بھی ضابطے کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ عدالتِ عظمیٰ پہلے ہی بیرون اضلاع سے دودھ لانے پر مکمل پابندی کا حکم دے چکی ہے۔