ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی صدارت میں یومِ جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے سلسلے میں اجلاس

ہفتہ 9 اگست 2025 16:21

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی صدارت میں یومِ جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے سلسلے میں پروگراموں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ سندھ حکومت کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست کے دن یومِ آزادی اور معرکۂ حق قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں قومی پرچم لہرانے کی مرکزی تقریب 14 اگست کی صبح ڈی سی آفس میں منعقد ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب میں پرائمری، ہائی، ہائر سیکنڈری اسکولوں، اسپیشل ایجوکیشن اور کالجوں کے طلبہ و طالبات تقریریں، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ 14 اگست کے دن مرکزی تقریب میں ہونے والے پروگراموں کی فہرست ڈی سی آفس میں جمع کرائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ پُرعزم ہے کہ ضلع کو ماحول دوست اور سرسبز بنانے کے لیے 14 اگست کو ماحول دوست پودے بھی لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کے تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کی تیاری 12 اگست تک مکمل کر کے حتمی رپورٹ پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت دی کہ جشنِ آزادی کے موقع پر تمام شہروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔\378

متعلقہ عنوان :