شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس میں سگھڑن جی کچہری کا انعقاد، گورنر خیبرپختونخوا کی شرکت

ہفتہ 9 اگست 2025 17:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ کے 282 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلے میں ایچ ٹی سورلی ہال بھٹ شاہ میں خصوصی پروگرام ’’سگھڑن جی کچہری ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ کے نامور صوفی گلوکاروں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام دلنشین انداز میں پیش کیا ۔ اس کے ساتھ اہل دانش نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے اشعار اور پیغام کو مدلل اور پُر اثر انداز میں بیان کیا، جنہیں سامعین نے خوب سراہا۔

تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور صوبائی وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں سندھ حکومت اور محکمہ ثقافت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں ایک بار پھر اس عظیم روحانی تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کی مہمان نوازی، محبت اور ثقافت ہمیشہ دلوں کو جیت لیتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے اس بات سے اتفاق کیا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی اور رحمان بابا کے امن و محبت پر مبنی پیغام کو ملک کے ہر کونے تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے اور خیبر پختونخوا میں بھی اس طرح کے مشترکہ پروگرام منعقد کرنے کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادبی و ثقافتی تقریبات کے تبادلے ملک میں برداشت، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں۔

وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل کریم کنڈی گزشتہ سال بھی یہاں آئے اور اس سال دوبارہ تشریف لائے، جس سے ان کی سندھ کے عوام کے لیے محبت اور شاہ عبدالطیف بھٹائی سے عقیدت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا پیغام امن، بھائی چارے اور محبت کا ہے اور موجودہ حالات میں جب خیبر پختونخوا دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کر رہا ہے، ایسے وقت میں شاہ لطیف بھٹائی اور رحمان بابا کا مشترکہ ادبی و فکری اجلاس کے انعقاد سے خیبر پختونخوا میں امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے نہایت مؤثر ہو سکتا ہے۔