شوہر اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مگرمچھ کے جبڑے سے بیوی کو زندہ واپس لے آیا

کچھ عرصہ قبل اسی نارا کینال کے مگرمچھ نے ایک لڑکی کو نہر کے اندر لے جا کر کھا لیا تھا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 17:48

شوہر اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مگرمچھ کے جبڑے سے بیوی کو زندہ واپس ..
سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں شوہر اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مگرمچھ کے جبڑے سے بیوی کو زندہ واپس لے لایا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ صالح پٹ کے علاقے ریاض آباد نارا کینال کی آرڈی 115 میں پیش آیا جہاں نہر کنارے کپڑے دھونے والی خاتون پر ایک مگرمچھ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں مگرمچھ خاتون ہدایتاں ملاح کو پانی میں گھسیٹ کر لے گیا۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون ہدایتاں ملاح نارا کینال کے کنارے کپڑے دھو رہی تھی کہ اس دوران اچانک ہی مگرمچھ نے حملہ کردیا، مگرمچھ خاتون کو اپنے جبڑے میں دبا کر کئی میٹر تک پانی میں گھسیٹ کرلے گیا، خاتون کی چیخ پُکار سن کر اس کا شوہر حُب علی ملاح دوڑتے ہوئے وہاں پہنچا اور بیوی کو بچانے کیلئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر نہر میں چھلانگ لگا دی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حُب علی ملاح نے مگرمچھ سے اپنی بیوی ہدایتاں ملاح کو چھُڑوا لیا، تاہم مگرمچھ نے خاتون ہدایتاں ملاح کی ٹانگ بُری طرح چبا ڈالی، اس کے باعث خاتون کو شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال سکھر منتقل کیا گیا، جس کے بعد سے سول ہسپتال سکھر میں مگرمچھ کا شکار ہونے والی خاتون کا علاج جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نارا کنال پاکستان کی سب سے لمبی نہر ہے جو لندن کے دریائے ٹیمز کے تقریباً برابر پانی لے کر جاتی ہے، یہ نہر سویز سے بھی بڑی ہے، سکھر کی نارا کینال میں تقریباً ڈھائی سو سے زائد مگرمچھ موجود ہیں، نارا کینال کے یہ مگرمچھ اکثر و بیشتر لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، کچھ عرصہ قبل مگرمچھ نے ایک لڑکی کو نارا کینال میں لے جا کر کھالیا تھا۔