سندھ زرعی یونیورسٹی کے چار شعبوں کی درجہ بندی میں ترقی

ہفتہ 9 اگست 2025 22:01

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این اے ای اے سی) کے حالیہ جائزے میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے چار شعبوں کو اعلیٰ درجہ بندی حاصل ہوئی ہے، جو ادارے کے لیے ایک شاندار کامیابی ہے۔ بیچلر ڈگری پروگرام کے تحت شعبہ ایگرانومی نے ڈبلیو تھری کیٹیگری میں 81.1 فیصد، انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے 80.7 فیصد، شعبہ ماحولیاتی سائنسز نے ایکس ون کیٹیگری میں 78.1 فیصد اور ایگری بزنس مینجمنٹ نے ایکس ٹو کیٹیگری میں 71.6 فیصد اسکور حاصل کیا۔

اس موقع پر این اے ای ای سی کی جانب سے سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے اور یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے خطاب میں کہا کہ جدید دور میں عالمی معیار پر پورا اترنے اور عالمی منڈی میں زرعی، لائیو اسٹاک، ڈیری، میواجات، ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور خوراکی مصنوعات کی رسائی کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر سلیم مسیح بھٹی نے کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ تقریب میں ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈاکٹر اعجاز علی کھونہارو، ڈاکٹر غیاث الدین شاہ، ڈاکٹر عبدالمبین لودھی، ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو، ڈاکٹر اعجاز احمد سومرو، ڈاکٹر عطا شاہ، ڈاکٹر ناصر راجپوت اور دیگر اساتذہ موجود تھے۔