گاڑیوں پر حب الوطنی کے فخر کا اظہار، یوم آزادی سے قبل کاروں کی سجاوٹ کا رجحان عروج پر پہنچ گیا

اتوار 10 اگست 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) یوم آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں کار مالکان اپنی گاڑیوں کو تخلیقی اور تہوار کی مناسبت سے سجا کر حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔14 اگست 2025 قریب آنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی سجاوٹ کا رجحان نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔بڑے شہروں میں گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کو پاکستانی پرچم کے مکمل ڈیزائنوں کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے اظہار کیلئے سجاوٹ کی دیگر اشیا سبز اور سفید غبارے، بینرز اور قومی پرچموں سے آراستہ کرتے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے ایک کار مالک علی رضا نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی کار کو سجانا مجھے پسند ہے کیونکہ یہ ملک کے لیے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں نے اپنی گاڑی کو پاکستانی پرچم سے پینٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اور کار مالک راحیل نے بتایا کہ اپنی گاڑی کو پاکستانی پرچم سے سجانا حب الوطنی کا اظہار اور اپنی آزادی کا جشن منانے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی گاڑی کو منفرد انداز میں سجانے کیلئے پر جوش ہوں کیونکہ یہ اپنے وطن کے خصوصی دن کو منانے کا ایک منفرد طریقہ ہے۔