جڑواں شہر حب الوطنی کے جذبے سے جگمگا اٹھے ، یوم آزادی سے قبل بچوں کے لوازمات کے سٹال سج گئے

اتوار 10 اگست 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) جڑواں شہروں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جذبہ حب الوطنی کا جوش و خروش عروج پر ہے ،پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریاں زوروں پر ہیں، جڑواں شہروں میں جگہ جگہ قومی پرچموں، قومی پرچم کے رنگوں کے ملبوسات اور دیگر لوازمات کے سٹالز لگ گئے ہیں۔یہ سٹالز قومی پرچم کے سبز اور سفید رنگوں کی مصنوعات سے بھرے ہوئے ہیں جن میں ہر چیز بشمول ماسک، بیجز، کلائی بند، پونی ٹیل، کی رنگز، چوڑیاں اور ٹوپیاں شامل ہیں جو حب الوطنی کے سامان کی بڑھتی ہوئی مانگ کی عکاسی کرتے ہیں۔

والدین اور بچے یکساں طور پر ان سٹالز کا رخ کر رہے ہیں اور یوم آزادی کے دن کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں ایک سٹال کا دورہ کرنے والی دو بچوں کی قابل فخر ماں سارہ نے کہا کہ مجھے اپنے بچوں کو حب الوطنی کے لباس میں ملبوس دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے جو انہیں اپنے وطن کی تاریخ کے بارے میں سکھانے کا ایک شاندار طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں 14 اگست کی مناسبت سے اپنے بچوں کے لیے تخلیقی لوازمات خریدنا پسند کرتی ہوں تاکہ یوم آزادی کو باوقار انداز میں منایا جا سکے ۔

ایک اور خریدار فاطمہ نے کہا کہ بچوں کے لیے یوم آزادی منانے کے لیے بہت سارے لوازمات کو یکجا دیکھنا بہت اچھا ہے، مصنوعات کا معیار بہت اچھا ہے اور قیمتیں بہت مناسب ہیں۔انہوں نے کہابطور والدین اپنے بچوں میں قومی فخر کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے۔ 14 اگست کی مناسبت سے بچوں کو حب الوطنی کے لوازمات کی خریداری انہیں اپنے ملک کے ورثے سے منسلک ہونے کا احساس دلانا ہے۔

یوم آزادی سے قبل حب الوطنی کے سامان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا حوالہ دیتے ہوئے سٹال مالکان بہت پرجوش ہیں۔ راولپنڈی میں ایک سٹال کے مالک نے بتایا کہ اس سال فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، والدین اپنے بچوں کے ساتھ یوم آزادی منانے کے لیے منفرد اور سستے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی سے پہلے ہم ایک مصروف ہفتہ کی توقع کر رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حب الوطنی کے سامان کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹالز میں بہت سی اشیاء پیش کی جارہی ہیں جن میں حب الوطنی کے لباس، جھنڈے کے تھیم والے کھلونے، لوازمات اور سجاوٹ کی مصنوعات شامل ہیں۔جڑواں شہر یوم آزادی کی مختلف تقریبات کی بھی میزبانی کریں گے جبکہ سٹالز تہوار کے ماحول میں اضافہ کر رہے ہیں۔ جوں جوں یوم آزادی قریب آ رہا ہے توقع ہے کہ سٹالز اور بھی زیادہ صارفین کو اپنی طرف متوجہ کریں گے جو معاشرے میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت بخشیں گے۔\395