فیصل آباد میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد بری طرح جھلس گئے

اتوار 10 اگست 2025 18:00

فیصل آباد میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد ..
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست 2025ء ) فیصل آباد میں تھانہ صدر کے علاقہ ہمت پورہ میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی کے دوران آگ کی لپیٹ میں آ کر ایک ہی خاندان کے چھ افراد بری طرح جھلس گئے، لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاکر مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔

تفصیلات کے مطابق ڈھڈی والا کے علاقہ ہمت پورہ گلی نمبر10 گلشن سویٹ والی گلی کے رہائشی محمد عثمان اپنی فیملی کے ہمراہ گھر کو تالا لگا کر لاہور چلا گیا، تاہم گیس لیکج کے باعث بند گھر میں گیس بھر گئی، وہ جب واپس آئے اور گھر کا دروازہ کھول کر لائٹ چلانے کیلئے سوئچ آن کیا تو زور دار دھماکے سے گھر میں آگ بھڑک اُٹھی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آگ کی لپیٹ میں آ کر 30 سالہ عثمان ولد پیر بخش‘ 24 سالہ جزیم دخر پیر بخش‘ 50 سالہ زنیرہ زوجہ عزیز‘ 31 سالہ سدرہ زوجہ لیاقت‘ 2 سالہ بچہ زورین ولد عثمان بری طرح جھلس گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ بن گیا، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔