وقت کی قدر کرنا کامیابی کی کنجی ہے، نوجوان اپناوقت انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کریں،بیرسٹرڈاکٹرمحمدعلی سیف

اتوار 10 اگست 2025 18:20

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وقت کی قدر کرنا کامیابی کی کنجی ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے وقت کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ وہ ہری پور میں حکیم عبدالسلام لائبریری ہال میں میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ کے ساتویں ایڈیشن میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

سمٹ میں پالیسی سازوں، صنعتی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور طلبہ نے شرکت کی، جہاں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ٹیکنالوجی اور جدت کے موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ یہ تقریب میٹرکس پاکستان کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ یوتھ آفس ہری پور، سی سوئٹ نیکسس گلوبل اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز، چیمبرز آف کامرس کے ارکان، کاروباری برادری، آئی ٹی ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملک بھر سے بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز، چیمبرز آف کامرس کے ارکان، کاروباری برادری، آئی ٹی ماہرین اور طلبہ کی بھرپور شرکت رہی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ترقی کے سفر میں آنے والی رکاوٹیں عارضی ہوتی ہیں،جو لوگ ان رکاوٹوں کو مسلسل جدوجہد سے عبور کرتے ہیں وہ کامیاب ہوتے ہیں جبکہ ہار ماننے والے ہمیشہ پچھتاوے میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا۔

وقت کو ایک توانائی کی شکل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ وقت کی قدر کرتے ہیں، دنیا ان کا احترام کرتی ہے،جس طرح زندگی کے لیے خون ضروری ہے، اسی طرح ترقی کے لیے وقت کی صحیح قدر اور اس کا درست استعمال لازمی ہے۔سورۃ العصر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ جو لوگ وقت ضائع کرتے ہیں وہ دنیا اور آخرت دونوں میں نقصان اٹھائیں گے۔

تقریب کے دوران بیرسٹر سیف نے پانچ نوجوانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں شاندار خدمات پر باوقار "پرائیڈ آف خیبر پختونخوا ایوارڈ" پیش کیا: اسد زرگر اور فاطمہ فراز ہوتی (کلائمیٹ چینج ایکٹوازم میں خدمات کے اعتراف میں)، ریحان اعوان، سعد خان، اور حارث خان (ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹرز کے طور پر اثر و رسوخ اور مثبت کردار کے اعتراف میں)۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے پر کام کر رہی ہے، ۔ “متعدد سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز اور ڈیجیٹل کنیکٹ منصوبے فعال ہیں اور جلد ہی ہری پور ڈیجیٹل سٹی مکمل ہو جائے گی، جو خطے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوگی، ڈاکٹر ایاز نے مزید کہا کہ ٹریننگ سینٹرز، سٹارٹ اپ سپورٹ پروگرامز، آئی ٹی پارکس اور ڈیجیٹل اکانومی منصوبے بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

تقریب کے کارپوریٹ اعلانات میں ریونکس کے بانی و سی ای او موبین عبداللہ نے ہری پور کے نوجوانوں کے لیے ایک نئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا جبکہ رینکنگ گرو کے بانی و سی ای او عماد علی نے مقامی ٹیلنٹ کے لیے 50 نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔سمٹ میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ہری پور طلال سلیم، ہم نیوز کے ہیڈ آف آئی ٹی مدثر شفیق، سی ای او ٹینجنٹ ٹیکنالوجیز وسیم ارشاد، سی ای او ٹیکخواہہ کاشف علی، سید صفدر حسین شاہ، قیصر اکاش خان، اور سی سوئٹ نیکسس گلوبل نیٹ ورک کے سینئر بزنس لیڈرز نے خطاب کیا، جنہوں نے صوبے کی ترقی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، کراس سیکٹر تعاون اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے اختتامی کلمات میں حسن نثار نے بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور ڈاکٹر شفقت ایاز کا ان کے تعاون، رہنمائی اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میٹرکس پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ صوبے بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ٹیکنالوجی کے فروغ، اور قیادت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مواقع اور ٹیلنٹ کے درمیان فاصلے کو ختم کرے گا۔

یہ سمٹ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک ہے جو ایک خودمختار اور بااختیار پاکستان کی جانب قدم ہے۔ انہوں نے ساتویں ایڈیشن کی کامیابی پر تمام شراکت داروں، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔یہ سمٹ نیٹ ورکنگ سیشنز، انٹرایکٹو مباحثوں، اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے نوجوانوں کی ذاتی اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں مدد جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔