موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے رفاہی تنظیموں کے کارکنوں کی کوششیں قابل ستائش ہیں ،محمد اشفاق نذر

پیر 11 اگست 2025 11:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمپین و سماجی رہنما محمد اشفاق نذر نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کےلئے غیرسرکاری رفاہی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان کی کوششیں قابل ستائش ہیں جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں جنید آفتاب،خواجہ فیصل خاور،عثمان غنی فاؤنڈیشن کے صدر شہباز مغل،چیئرمین زبیر منہاس،چوہدری آفاق ودیگر کارکنان کے ہمراہ"پلانٹ فار پاکستان"مہم کے تحت شجرکاری کے موقع پر کیا۔محمد اشفاق نذر نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تمام جاندار مخلوقات کی صحت اور زندگیوں کو خطرات کا سامنا ہے جس سے بچنے کے لئے ہر فرد کو اپنے اردگرد گلی،محلوں،بازاروں،گرین بیلٹس، سرکاری و غیرسرکاری دفاتر جہاں جگہ اور موقع ملے وہاں درخت لگانے ہو ں گے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سماجی کارکن معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کےلئے عملی طور پر کوشاں ہیں ، انسانیت اور ملک و قوم کی خاطر کام کرنے والے رول ماڈل ہیں۔