آرمی یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات کا چولستان میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کے منصوبوں کا دورہ

پیر 11 اگست 2025 13:19

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) آرمی یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کے تحت بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات پر مشتمل وفد نے چولستان میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت جاری مختلف منصوبوں کا دورہ کیا۔وفد کے اراکین نے شجرکاری کے مقامات، جدید آبپاشی نظام اور ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے مقامی ماہرین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے منصوبوں کی تکنیکی اور ماحولیاتی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ شرکاء نے ان منصوبوں کو پاکستان کے سبز اور پائیدار مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔طلبہ و طالبات نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں لسانی، فکری اور سائنسی لحاظ سے سیکھنے کا موقع ملاجس سے نہ صرف ان کا علم بڑھا بلکہ ماحولیاتی چیلنجز کے حل کے بارے میں ان کی سوچ بھی مزید نکھری۔ انہوں نے پاک آرمی اور حکومت پاکستان کے اس منصوبے میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار قومی خدمت کی مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثبت ورثہ ثابت ہوگی۔