ضلع خیبر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری

پیر 11 اگست 2025 14:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایت پر ضلع خیبر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔خیبر پولیس تر جمان کے مطابق پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر کے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تلاشی لی،اس دوران گاڑیوں کے شیشوں سے کالے سٹیکرز اور غیر قانونی نمبر پلیٹیں ہٹائی گئیں، متعدد گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ کئی مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس تر جمان کے مطابق تھانہ حدود ملاگوری میں ایس ایچ او ریاض حسن کی سربراہی میں پولیس نے اہم شاہراہوں، لنک روڈز اور گلی محلوں میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی کی۔ شہریوں کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی اور مشکوک افراد کے کوائف بایو میٹرک سسٹم کے ذریعے چیک کیے گئے۔ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی، ضلع خیبر کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری پولیس کو اطلاع دیں۔