شافع حسین سے ازبکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی و تجارتی وفد کی ملاقات،پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کاری پر اتفاق

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:31

شافع حسین سے ازبکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی و تجارتی وفد کی ملاقات،پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ازبکستان کے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی و تجارتی وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ازبکستان کی قانون ساز اولی مجلس کے سپیکر مسٹر نوردنجان اسماعیلوو وفد کی قیادت کر رہے تھے۔وفد میں ازبکستان کے سفیر مسٹر علی شیر تختیو ،اعزازی قونصل جنرل نجیب مشتاق وہرہ،مختلف کمیٹیوں کے ڈپٹی چیئرمینز اور اداروں کے سربراہان شامل تھے۔

پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کاری پر اتفاق کیاگیا۔تجارتی اشتراک اور باہمی سرمایہ کاری کیلئے فوکل پرسنز مقرر کردئیے گئے۔تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کیلئے تجارتی وفود کے تبادلے بھی ہوں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں،پنجاب اور ازبکستان کے سرمایہ کار بزنس کے مشترکہ منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب اور ازبکستان کے مابین زراعت ،سیاحت، انرجی ، ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون ہوسکتا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ازبکستان پاکستان سے سپورٹس گڈز،لیدر کی مصنوعات،فارماسیوٹیکل ،ٹائلز کراکری اور دیگر اشیاء درآمد کرسکتا ہے۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب میں سرجیکل سٹی ،گارمنٹ سٹی اور فارماسیوٹیکل ویلی بن رہی ہے۔

فیصل آباد میں پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ موجود ہے،اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنایا جا رہا ہے۔گزشتہ 2 سالوں میں بہت سی غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ازبکستان کے سرمایہ کار بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کریں ،ہر ممکن سہولت دیں گے۔سپیکر ازبکستان قانون ساز مجلس مسٹر نوردنجان اسماعیلوونے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان تجارتی پارٹنر ہیں تاہم دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔

پنجاب پاکستان کا بڑا صوبہ ہے جس میں کافی پوٹینشل موجود ہے۔فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر کا قیام مستحسن اقدام ہوگا۔ ازبکستان کی حکومت پنجاب کی وزارت صنعت و تجارت کے ساتھ روابط بڑھائے گی۔سپیکر ازبک قانون ساز مجلس نے کہاکہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے مابین مستحکم روابط کی ضرورت ہے۔

ازبک حکومت پنجاب میں اپنا تجارتی وفد بھجوائے گی۔ازبک قانون ساز مجلس کے سپیکر نے چوہدری شافع حسین کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی۔ سفیرازبکستان مسٹر علی شیر تختیونے کہاکہ پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی مراسم کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر کے ازبکستان کے دورے کے دوران وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا جائے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔