اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں قرض فراہمی کا نیا ریکارڈ

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:44

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں قرض فراہمی کا نیا ریکارڈ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کامیاب ترین منصوبے ’’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے دی جانے والی بلاسود قرض اسکیم میں ستمبر کے دوران شاندار کارکردگی سامنے آئی ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر ہونے والے خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ ستمبر میں 23,365 خاندانوں کو قرض فراہم کیا گیا، جو پروگرام کے آغاز سے اب تک کسی ایک ماہ میں قرض کی سب سے زیادہ تقسیم کا نیا ریکارڈ ہے۔

پروگرام ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ کے مطابق گزشتہ ماہ 17 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی، 13,163 خاندانوں کو پہلی قسط (گھر کی تعمیر کے آغاز کے لیی) اور 10,202 خاندانوں کو دوسری قسط (تعمیر مکمل کرنے کے لیی) فراہم کی گئی، جبکہ 7,474 خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک مجموعی طور پر 86,906 خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، 54,754 خاندان دوسری قسط بھی وصول کر چکے ہیں، 19,151 خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے جبکہ 76,883 خاندان تیزی سے تعمیرات میں مصروف ہیں۔

گھروں کی تعمیر پر اب تک 104 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا چکی ہے۔محکمہ ہائوسنگ کے ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ صوبے کے لاکھوں خاندانوں کے لیے باعزت طرزِ زندگی کی ضمانت بن چکا ہے۔ مستحق خاندانوں کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں اور آن لائن درخواست کا نظام بھی نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔