ہر شہری بلا امتیاز مذہب و مسلک مساوی حقوق، انصاف اور احترام کا یکساں حقدار ہے، اعظم نذیرتارڑ

پیر 11 اگست 2025 16:38

ہر شہری بلا امتیاز مذہب و مسلک مساوی حقوق، انصاف اور احترام کا یکساں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی یومِ اقلیت ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ وطنِ عزیز کا ہر شہری بلا امتیاز مذہب و مسلک مساوی حقوق، انصاف اور احترام کا یکساں حقدار ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے ایسے پاکستان کا خواب پیش کیا تھا جہاں مذہب شہریت یا مواقع کی راہ میں رکاوٹ نہ ہو۔

(جاری ہے)

پیر کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ دینِ اسلام بھی ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ تمام برادریوں کے حقوق کا تحفظ ، ہم آہنگی کو فروغ اور عدل و انصاف کو ہر حال میں قائم رکھا جائے۔ آئیں ہم سب مل کر ایسے پاکستان کی تشکیل کے لیے کوشاں رہیں جہاں تنوع ہماری پہچان، اتحاد ہماری طاقت اور انصاف ہمارا شعار ہو۔