بھارت،بھائی نے بہن اور اس کے بوائے فرینڈکوقتل کردیا

قاتل اروِند اور اس کے دوست پرکاش پرجاپتی کو حراست میں لے لیا گیا،پولیس

پیر 11 اگست 2025 16:42

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)بھارتی ریاست اترپردیش میں بھائی نے 18 سالہ بہن کو رکشا بندھن منانے کے چند گھنٹوں بعد ہی قتل کر ڈالا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کی پولیس کا بتانا ہے کہ مقتولہ کماری سہودر کی لاش ایک سنسان مقام سے برآمد ہوئی تھی، لاش کا سر مونڈا ہوا تھا۔پولیس کے مطابق اس واردات میں سہودر کے بھائی اروِند اور اس کے دوست پرکاش پرجاپتی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 7 اگست کو سہودر کے 19 سالہ آشنا وِشال کی لاش ایک گائوں سے ملی تھی، وِشال کو مبینہ طور پر اروِند اور پرکاش نے ملازمت دلانے کے بہانے گھر سے بلایا اور قتل کر دیا تھا، اس قتل کا مقدمہ وِشال کے والد کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اترپردیش کی پولیس کے مطابق تقریبا چار ماہ قبل سہودر اور وِشال گھر سے بھاگ گئے تھے، دونوں خاندانوں کی مداخلت کے بعد دونوں واپس لوٹ آئے تھے اور معاملہ وقتی طور پر ٹھنڈا ہو گیا تھا تاہم جلد ہی دونوں نے دوبارہ ملاقاتیں شروع کر دیں جس پر لڑکی کا بھائی اروِند ناراض تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اروِند نے بہن اور اِس کے بوائے فرینڈ کو ختم کرنے کے لیے اپنے دوست پرکاش کو اس منصوبے میں شامل کیا، دونوں ملزمان نے مل کر پہلے وِشال کو مارا اور پھر تفتیش شروع ہونے کے باوجود ہفتے کو اروِند نے اپنی بہن سہودر کو قتل کر دیا۔

متعلقہ عنوان :