گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں یومِ آزادی کی مناسبت سے4 روزہ ’’رنگِ پاکستان‘‘ نمائش شروع ، چیف سیکرٹری پنجاب نے افتتاح کیا

پیر 11 اگست 2025 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں یومِ آزادی کی مناسبت سے4 روزہ ’’رنگِ پاکستان‘‘ نمائش کا آغاز ہوگیا،جس کا افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر جی سی یو لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری، وائس چانسلر جی سی یو فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹر رف اعظم ، ڈین جی سی یو پروفیسر بابر عزیز اور کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم مرتضی نور نے شرکت کی۔

ترجمان جی سی یو کے مطابق نمائش کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش میں اساتذہ اور طلبہ کے تیار کردہ فن پارے شامل ہیں، جن میں پاکستان کی ثقافت، لاہور کی خوبصورتی، علاقائی حسن اور موجودہ چیلنجز کو نمایاں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے طلبہ کی پینٹنگز، فوٹوگرافی اور ماحولیاتی چیلنجز پر مبنی فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ رواں سال جشنِ آزادی معرکہ حق کی فتح کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کو مثالی انداز میں منانے کا مقصد حصولِ آزادی کی جدوجہد اور تحفظِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر جی سی یو لاہور نے کہا کہ نوجوان فنکار سماجی طور پر باشعور آواز کے طور پر ابھر رہے ہیں، ان کی ملک و ثقافت سے محبت مثالی ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کوبطور سووینیئر پینٹنگ بھی پیش کی۔نمائش کا انعقاد جی سی یو فیصل آباد اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔نمائش 11 اگست سے 14 اگست تک جی سی یو کے سلام ہال میں جاری رہے گی۔