چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144نافذ

پیر 11 اگست 2025 20:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبہ کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ۔ ان اضلاع میں کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت بشامل ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق ایک ہفتے کے لیے ہوگا، اس دوران ڈبل سواری، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریریں ممنوع قرار دیتے ہوئے ، ان متذکرہ 13 اضلاع میں 5 یا زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، کالے شیشے ، لاؤڈ سپیکر، آتش بازی اور قابل اعتراض مواد کی ترویج پر بھی پابندی ہوگی۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر چھتوں پر موجودگی بھی ممنوع قرار دیدی گئی ہے۔ ان 13 اضلاع میں بیرونی افراد کا داخلہ بھی محدود کر دیا گیا ہے۔