واسا ہیڈ آفس میں افسران اور مسیحی ملازمین نے اقلیتوں کے قومی دن کا کیک کاٹا

پیر 11 اگست 2025 20:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) واسا فیصل آباد میں یوم اقلیت کے موقع ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں واسا افسران اور مسیحی ملازمین نے مینارٹیز ڈے کا کیک کاٹا اور مسیحی اہلکاروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شعیب رشید، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عارف سریانی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹرریونیو عمر افتخار، صدر سی بی اے واسا میاں مقصود، جنرل سیکرٹری بنیامین سہوترا، چیئرمین خالد خاں، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر رحمت، ذوالفقار کاہلوں و دیگر مسیحی اہلکارو بھی موجود تھے۔

کیک کاٹنے کے بعد ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید نے کہا کہ مسیحی اہلکار واسا میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی تمام بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہمہ تن کوشاں ہیں کیونکہ مسیحی اہلکاروں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

صدر سی بی اے میاں مقصود نے کہا کہ آج کا دن مسیحی برادری کے حقوق کی آزادی کا دن ہے جسے واسا انتظامیہ اور مسیحی اہلکاروں کے ساتھ مل کر منایا جارہا ہے جو ہم آہنگی، بھائی چارہ کی واضح مثال ہے۔

جنرل سیکرٹری بنیامین سہوترا نے کہا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر رحمت نے کہا کہ آج مینارٹیز ڈے کے موقع پر واسا انتظامیہ اور مسیحی برادری کا ایک چھت تلے جمع ہو کر کیک کاٹنا ثابت کرتا ہے کہ واسا فیصل آباد میں ہم سب ایک ہیں اور بھائی چارہ، ہم آہنگی،اخوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جارہا ہے۔