سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے ’مشی واک‘ پر پابندی عائد

ْمجالس میں شرکت کے خواہشمند زائرین کو پیدل کے بجائے ٹرانسپورٹ سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا

پیر 11 اگست 2025 21:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)راولپنڈی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے مشی واک پر پابندی عائد کردی گئی۔پیر کو کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن سید نذارت علی، محکموں کے سربراہان شریک ہوئے، ڈپٹی کمشنر چکوال، جہلم، مری اور اٹک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں چہلم امام حسینؓ کے موقع پر تیاریوں، سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کا جائزہ لیا گیا، پولیس اور انتظامیہ کو پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے، امن کمیٹیوں، شیعہ علماء اور اسٹیک ہولڈرز سے قریبی رابطے کی ہدایت کی گئی۔مشی واک کے انعقاد کو روکنے کے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا، اٹک میں 98 فیصد، راولپنڈی میں 93 فیصد، مری و دیگر علاقوں میں 70 سے 80 فیصد سٹیک ہولڈرز نے فیصلے کی تائید کی اور مجالس میں شرکت کے خواہشمند زائرین کو پیدل کے بجائے ٹرانسپورٹ سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی انتظامیہ نے 15 سے 20 بسوں کا مطالبہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ قدیمی مشی واک کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جائیں گے۔پولیس اور سول انتظامیہ کو سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد، داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :