چین نے کچھ امریکی اداروں پر برآمدی پابندیاں معطل کر دیں

منگل 12 اگست 2025 10:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چین نے کچھ امریکی اداروں پر برآمدی پابندیاں معطل کر نے کا اعلان کیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق چین کی وزارتِ تجارت نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹاک ہوم میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اقتصادی و تجارتی اجلاس میں طے پانے والے اتفاقِ رائے کے تحت، کچھ امریکی اداروں پر عائد برآمدی کنٹرول اقدامات کو معطل یا ختم کر دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق، 4 اور 9 اپریل 2025 کو چین نے 28 امریکی اداروں کو برآمدی کنٹرول کی فہرست میں شامل کیا تھا، جس کے تحت ان اداروں کو د ہرےاستعمال کی اشیاء کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی تھی۔14 مئی کو وزارتِ تجارت نے ان 28 امریکی اداروں پر عائد برآمدی کنٹرول اقدامات کو 90 دن کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری کردہ تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 اپریل کو فہرست میں شامل کیے گئے 16 امریکی اداروں کے لیے یہ معطلی مزید 90 دن کے لیے توسیع دی گئی ہے، جبکہ 9 اپریل کو شامل کیے گئے 12 اداروں کے خلاف اقدامات مکمل طور پر ختم کر دیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جو برآمد کنندگان ان اداروں کو دوہری استعمال کی اشیاء فراہم کرنا چاہتے ہیں، انہیں متعلقہ قوانین و ضوابط کے تحت وزارت سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ وزارت ان درخواستوں کو قانون کے مطابق جانچے گی اور شرائط پوری ہونے پر منظوری دے گی۔

متعلقہ عنوان :