امریکی ریاست پنسلوانیا میں سٹیل پلانٹ میں دھماکے، 2 کارکن ہلاک، 10 زخمی

منگل 12 اگست 2025 11:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) امریکی ریاست پنسلوانیا میں سٹیل پلانٹ میں دھماکوں سے 2 کارکن ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق ریاست پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ پٹسبرگ شہر سے 15 میل باہریو ایس سٹیل کلیرٹن کوک ورکس میں متعدد دھماکے ہوئے جس کے باعث زخمی ہونے والے ملازمین کو طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور پلانٹ میں سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

یو ایس سٹیل اور الیگینی کاؤنٹی پولیس نے بتایا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے جنہیں علاج کے لئے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یو ایس سٹیل نے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ صبح 11 بجے پیش آیا ۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی وڈیوز میں آگ بجھانے والے عملے کو ایک تباہ شدہ صنعتی عمارت کے سامنے آگ پر قابو پاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کلیرٹن کوک ورکس امریکا میں کوکنگ کی سب سے بڑی فیکٹری ہے جہاں کوئلے کو پروسیس کر کے کوک تیار کیا جاتا ہے، جو کہ سٹیل بنانے کے عمل میں ایک اہم ایندھن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔