وانا سٹی کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن‘ مشتبہ افراد گرفتار

منگل 12 اگست 2025 11:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ڈی پی او جنوبی وزیرستان لوئر طاہر شاہ کی قیادت میں وانا سٹی کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران ایک ملزم سمیت متعدد مشتبہ افراد گرفتارکر لیے گئے۔ تر جمان جنوبی وزیرستان پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور کی ہدایت پر جنوبی وزیرستان میں امن وامان کی فضاء قائم رکھنے کے لیے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ڈی پی او جنوبی وزیرستان لوئر طاہر شاہ کی قیادت میں ڈی ایس پی سرکل عمران اللّٰہ خٹک، ایس پی سی ٹی ڈی عبدالرو ف خان اور ایس ایچ او عالمگیر خان نے پولیس نفری کے ہمراہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آ پریشن کے دوران ڈی پی او نے ناکہ بندی پوائنٹ وانا بازار گشت ،موبائل گشت اور چوکیاں وغیرہ کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور بازار وانا میں عوام کے ساتھ ملے اور موجودہ حالات کے بارے گفت شنید کی اور امن و امان قائم رکھنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا مقصد ضلع میں امن و امان کو بحال رکھنا، شرپسندوں , سہولت کاروں، مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شریف و باعزت لوگوں کو پر امن ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے مختلف مقامات سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگائے اور چیکنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران 90 گھروں کو سرچ کیا گیا اور 38 عدد گاڑیاں 22 عدد موٹر سائکل کو مشتبہ اور مشکوک جان کر احاطہ تھانہ سٹی وانا میں کھڑی کردیں سرچ آپریشن کے 600 عدد روند 62۔7بور برآمد کر کے ملزم شمس الرحمان کو حسب ضابطہ گرفتار کر کے اس کے مقدمہ درج کرایا۔