گوجرانوالہ، اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے،جسے چہلم کے جلوس اور یوم آزادی کی تقریبات کے دوران بھی برقرار رکھنا ہوگا،ڈپٹی کمشنر

منگل 12 اگست 2025 22:06

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کہا ہے کہ بین المسالک ہم آہنگی،برداشت،بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے،محرم الحرام کے دوران علماء کرام کے تعاون سے مثالی انتظامات کے ذریعے پرامن فضا قائم رکھی گئی جسے چہلم کے جلوس اور یوم آزادی کی تقریبات کے دوران بھی برقرار رکھنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہ ربیع الاول اور یوم آزادی کے حوالے سے تنظیمات اہلسنت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کی محافل ،جلوسوں،ریلیوں کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ،جلوس کے راستوں کی مرمت ،صفائی ستھرائی کے ساتھ شرکاء جلوس کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر حسین بٹ،محمد زاہد حبیب قادری،الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی،صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی،مولانا حافظ محمد رفیق قادری،عطاء الرحمان خان،حافظ محمد عدیل عارف،ڈاکٹر عبدالرشید گولڑوی،محمد اقبال ہنجراء،شاذب چٹھہ،صوفی غلام دستگیر،مفتی ادریس جلالی،حافظ محمد ابوبکر اور دیگر نے خطاب کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺکی تشریف آوری سے باطل قوتوں کا زور ٹوٹ گیا اور انسانی تہذیب و ترقی کا راستہ روشن ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت معاشروں کو تباہ کر دینے کا موجب ہے لہذا سب کو برداشت، بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔