حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 982 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات (کل )سے شروع

منگل 12 اگست 2025 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمة اللہ علیہ کے 982 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کل (بدھ ) 13اگست سے شروع ہوں گی جوکہ 15 اگست تک جاری رہیں گی،عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف سکیورٹی انتظام کیے گئے ہیں،داتا دربار کے اطراف راستوں پر کنٹینر زلگا دیئے گئے ۔

حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار پر رسم چادر پوشی سے ہو گاجس کے بعد روایتی دودھ کی سبیل کا بھی افتتاح ہوگا۔ عرس میں دنیا بھر سے لاکھوں زائرین حاضری کی سعادت حاصل کریں گے۔اس موقع پر اوقاف ایڈ منسٹریشن، سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے، اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہوں گے۔

(جاری ہے)

۔عرس مبارک کی 3روزہ تقریبات پر سینکڑوں پولیس افسران اور جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ،زائرین کو 3درجاتی چیکنگ میکانزم سے مکمل تلاشی کے بعد ہی احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت دی جائے گی،چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس ،میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیئریرز کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ مزار داتا دربار اور گردونواح کی بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات رہیں گے جو کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں گے،دربار کی ملحقہ گلیاں مکمل طور پر سیل ہوں گی، خار دار تاریں اور رکاوٹیں لگائی جائیں گی۔دوسری جانب 15اگست کو لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔