رکن بلوچستان اسمبلی خیر جان بلوچ کابولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کادورہ

منگل 12 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) رکن بلوچستان اسمبلی خیر جان بلوچ نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال (بی ایم سی ایچ) کادورہ کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ منگل کو ملاقات میں ہسپتال کی ہیلتھ سروسز، مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، علاج معالجے کے نظام کو مزید مثر بنانے اور حال ہی میں قائم کی گئی نئی فارمیسیز کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر خیرجان بلوچ کو ہسپتال میں متعارف کرائے گئے ڈیجیٹلائزڈ سسٹم کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں انہیں فارمیسیز اور دیگر یونٹس میں مریضوں کے ریکارڈ اور ادویات کی ترسیل کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔خیرجان بلوچ نے ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی ایم سی ایچ بلوچستان کا ایک اہم طبی مرکز ہے جو نہ صرف صوبے بلکہ دور دراز پسماندہ علاقوں سے آنے والے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹر آصف انور شاہوانی کی انتظامی صلاحیت، مریضوں کے لیے عزم اور ہسپتال میں بہتری کے لیے ان کی انتھک محنت کی تعریف کی۔ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے کہا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور پوری ٹیم اس مقصد کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی فارمیسیز اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مریضوں کو تیز، شفاف اور معیاری ادویات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔