ماں کا دودھ صرف غذا نہیں بلکہ محبت اور حفاظت کا ضامن ہے،وزیر صحت

منگل 12 اگست 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے سے ماں اور بچے دونوں کی صحت بہتر رہتی ہے، صحت مند بچے ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نجی ہوٹل میں یونیسیف کی جانب سے بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت کے عالمی مہینے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں عالمی ادارہ صحت، ماہرینِ صحت، سماجی کارکن اور طلباکی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماں کا دودھ ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور یہ بچوں کی متوازن نشوونما اور صحت کا ضامن ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ ماں کا دودھ صرف غذا نہیں بلکہ محبت اور حفاظت کا ضامن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے میں بنیادی کردار فیوچر مدرز کا ہے، ماں کے دودھ میں قدرتی غذائیت اور بیماریوں سے بچاو کی صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا سب سے مو ثر ذریعہ ہے۔ نومولود بچے کی بقا، ذ ہنی و جسمانی نشو نما، مکمل غذائیت اور قوت مدافعت کے لئے پہلے6 ماہ صرف ماں کا دودھ پلایا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مستقبل کی مائیں اپنے بچوں کو صحت مند اور توانا بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ ماں کے دودھ سے بچوں میں اعتماد اور قوتِ مدافعت بڑھتی ہے۔ماو ں کی رہنمائی کے لیے کمیونٹی سطح پر مزید پروگرام شروع کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :