فیصل آباد، مضر صحت گوشت اور ناقص دودھ فروشوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ مزید مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک

بدھ 13 اگست 2025 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) اور محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ (L&DD) ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کی جانب سے عوام کو غیر معیاری گوشت بیچنے والوں کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ان کاروائیوں میں غیر معیاری گوشت اور ملاوٹ شدہ دودھ کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈان کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک اورPFA کی مشترکہ ٹیمیں قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لا رہی ہیں۔اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کے ڈویژن بھر کے اعلی افسران کی جانب سے ان کے متعلقہ اضلاع میں PFA کے ساتھ غیر قانونی ذبح، ناقص گوشت کی فروخت، کم عمر جانوروں کا ذبح، پیداواری مادہ جانوروں کا ذبح اور ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف مروجہ قوانین و ضوابط کے تحت مشترکہ مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں ڈویژن فیصل آباد کے تمام اضلاع کی تمام تحصیلوں میں اعلی افسران کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مشترکہ ہنگامی چھاپے مارے گئے۔ کاروائیوں کے دوران مختلف قصابوں کو مضر صحت گوشت فروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ غیر قانونی ذبح کرنے والے قصاب حضرات کے خلاف ضلع چنیوٹ اور ضلع جھنگ میں دو، دو ایف آئی آرز جب کہ ضلع فیصل آباد میں ایک ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہیں جبکہ فیصل آباد کی تحصیل سمندری، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ اور چک جھمرہ میں مختلف کاروائیوں میں مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف استغاثے بھی جمع کروائے جا چکے ہیں۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر کا کہنا ہے کہ ڈویژن بھر میں مضر صحت گوشت اور ناقص دودھ فروشوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مزید مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف لائیوسٹاک کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے بلکہ عوام کو معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت اور دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔

یہ اقدام حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری گوشت اور دودھ کی دستیابی ممکن بنائی جا سکے۔ دریں اثنا شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر امین پور اور جڑانوالہ روڈ پر کریک ڈان کیا۔ کارروائی کے دوران دو گوشت کی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، ایک لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

فروخت کے لیے رکھے گئے 105 کلو گرام غیر معیاری گوشت اور 20 کلو فنگس زدہ بیف پائے تلف کر دیئے گئے۔ معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی جبکہ دکان مالکان کے پاس ضروری ریکارڈ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فریش اور ایکسپائر فنگس زدہ گوشت کو ایک ہی جگہ اکٹھا سٹور کیا جا رہا تھا جبکہ میٹ سٹوریج ریکس کا ٹمپریچر مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔ سینئر ویٹرنری سپیشلسٹ نے تفصیلی معائنے کے بعد گوشت کو مضر صحت قرار دیا۔