مرد جتنا بھی برا ہو، وہ بلاوجہ عورت پرتشدد نہیں کرتا ، ڈاکٹرنبیحہ علی خان

ہمارے قوانین اسلام کے مطابق نہیں ہیں اوریہ علم قوانین بنانے والوں کو ہوگا کہ ایسا کیوں ہے مذہب میں یہ حکم ہے کہ اگر بیوی کو شوہر بلائے تو وہ حاضرہوجائے، وہ شوہر کی اطاعت کرے، سوشل میڈیا سٹار

بدھ 13 اگست 2025 12:15

مرد جتنا بھی برا ہو، وہ بلاوجہ عورت پرتشدد نہیں کرتا ، ڈاکٹرنبیحہ علی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) خود ساختہ ماہر نفسیات اور متنازع سوشل میڈیا اسٹار ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے کہا ہے کہ مرد چاہے جتنا بھی برا ہو، وہ بلاوجہ عورت پر تشدد نہیں کرتا، نفسیاتی طور پر یہ ممکن ہی نہیں کہ مرد پہلے عورت پر ہاتھ اٹھائے۔ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے چند دن قبل ایک ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گھریلو تشدد، مرد و خواتین کے تعلقات اور ان کی ذمہ داریوں پر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رہتے ہیں لیکن ہمارے قوانین اسلام کے مطابق نہیں ہیں اور یہ علم قوانین بنانے والوں کو ہوگا کہ ایسا کیوں ہی انہوں نے کہا کہ مذہب میں یہ حکم ہے کہ اگر بیوی کو شوہر بلائے تو وہ حاضر ہوجائے، وہ شوہر کی اطاعت کرے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نبیحہ علی خان کا کہنا تھا کہ شوہر کے بلانے، ان کی اطاعت کرنے میں کوئی خراب یا برائی نہیں اور یہ کہ گھریلو تشدد کی تعریف بھی غلط کی جاتی ہے۔

ان کے مطابق اگر کوئی شوہر کسی بات پر انکار کرتا ہے، یا بیوی کو نظر انداز کرتا ہے تو اس پر تشدد، تضحیک اور گھریلو تشدد کا الزام لگایا جاتا ہے اور ہم یہی غلطیاں کرتے آ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مرد دو چیزوں اپنی انا اور کمائی پر کبھی سمجھوتا نہیں کرتا لیکن بیویاں اپنی حدود پار کرتے ہوئے ان ہی باتوں پر ضد کرتی ہیں۔ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے مطابق کسی بھی عورت کو مرد کی تھپڑ اس وقت پڑتی ہے جب بات حد سے بڑھ جائے۔

اسی حوالے سے انہوں نے منطق دی کہ مرد چاہے جتنا بھی برا اور خراب کیوں نہ ہو، وہ عورت پر ہاتھ نہیں اٹھاتا، یہ ممکن ہی نہیں کہ مرد ازخود عورت پر ہاتھ اٹھائے۔سوشل میڈیا اسٹار کا کہنا تھا کہ نفسیاتی طور پر بھی یہ ممکن ہی نہیں کہ مرد ازخود بلاوجہ عورت پر ہاتھ اٹھائے، یہ نوبت تب آتی ہے جب دونوں طرف سے سخت زبان کا تبادلہ ہوتا ہے، دونوں فریقین حد سے گزر جاتے ہیں، تب مرد ہاتھ اٹھاتا۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ایک مرد مہمان کو یہ تجویز بھی دی کہ وہ ملک میں بننے والے مرد مخالف قوانین کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جتنے قوانین اور ضوابط بن رہے ہیں، وہ عورت کی حمایت میں بن رہے ہیں۔انہوں نے مرد مہمان کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہی رہا تو مرد مظلوم ہی رہے گا، انہوں نے پروگرام کے دوران متعدد بار عورتوں کے مقابلے مردوں کو مظلوم بھی قرار دیا۔ڈاکٹر نبیحہ علی خان کو ماضی میں بھی متنازع بیانات کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہا ہے اور ان کے نئے بیان پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے ٹی وی پر ان کی پابندی کا مطالبہ کیا۔