ابتدائی 40 اوورز تک میچ ہمارے ہاتھ میں تھا: محمد رضوان

ہدف کے تعاقب میں تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہ سکے : ون ڈے کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اگست 2025 11:25

ابتدائی 40 اوورز تک میچ ہمارے ہاتھ میں تھا: محمد رضوان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اگست 2025ء ) پاکستانی کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ابتدائی چالیس اوورز تک میچ ان کے ہاتھوں میں تھا، لیکن پھر ویسٹ انڈین بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی۔ 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شائی ہوپ نے عمدہ اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیڈن سیلز نے پوری سیریز میں بہت اچھی بولنگ کی ہے۔

 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کو 202 رنز سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، پانچ بیٹر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 

 ویسٹ انڈیز کے 295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
ہوم ٹیم نے چھ وکٹ پر 294 رنز بنائے، کپتان شائی ہوپ نے 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جواب میں پاکستان کا کوئی بیٹر جیڈن سیلز کا مقابلہ نہ کر سکا، فاسٹ بولر نے 18 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ 
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کےخلاف 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیتی ہے، شائی ہوپ میچ اور جیڈن سیلز سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔