پاکستان لاکھوں شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی جدوجہد، اخلاص اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے، محمد اقبال ترین

بدھ 13 اگست 2025 13:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) کوئٹہ سٹلائیٹ ٹاون نجی تعلیمی ادارے میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ، سماجی شخصیات اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر سب کیمپس مستونگ محمد اقبال ترین تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی آزادی، قربانیوں اور قومی یکجہتی کے موضوع پر دبنگ خطاب کیا۔

(جاری ہے)

محمد اقبال ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان لاکھوں شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی جدوجہد، اخلاص اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور دیانت کو اپنا ہتھیار بنائیں اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حفاظت اور استحکام کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے، اور ہمیں فرقہ واریت، لسانیت اور نفرتوں کو ترک کر کے ایک پرچم تلے متحد ہونا ہوگا۔ اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے، پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔