عوامی شکایات پر ٹیم فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا بروقت ایکشن

مانکپیاں میں قائم غیر رجسٹرڈ جوس کے گودام پر چھاپہ، گودام کو سیل کر دیا گیا

بدھ 13 اگست 2025 22:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) عوامی شکایات پر ٹیم فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا بروقت ایکشن، مانکپیاں میں قائم غیر رجسٹرڈ جوس کے گودام پر چھاپہ، گودام کو سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ٹیم فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ مانکپیاں میں واقع غیر رجسٹرڈ جوس کے گودام پر چھاپہ مارا۔

کارروائی کے وقت گودام کا مالک پہلے ہی گودام بند کر کے فرار ہو چکا تھا۔ مالک مکان جس نے یہ گودام کرائے پر دیا ہوا تھا، سے بذریعہ فون رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ گودام کے مالک سے جب بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ شہر سے باہر ہیں۔ٹیم فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے میڈیا نمائندگان اور اہلِ محلہ کی موجودگی میں گودام کو سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یہ جوس فیکٹری بغیر لائسنس اور غیر رجسٹرڈ تھی جہاں جوس تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کے تحت آزاد کشمیر میں کسی بھی کاروبار کے لیے فوڈ اتھارٹی سے اجازت نامہ لازمی ہے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے اس موقع پر کہا کہ فوڈ اتھارٹی مظفرآباد عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

کسی کو بھی غیر معیاری یا مضر صحت خوراک تیار کرنے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بغیر لائسنس اور غیر رجسٹرڈ کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ ایسے کسی بھی غیر قانونی یا غیر معیاری خوراک کے کاروبار کی نشاندہی فوڈ اتھارٹی کو کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔ صحت مند معاشرہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قانون کی سختی سے عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :