مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور قانون کی بالادستی کے لیے وکلا کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،فیصل ندیم

بدھ 13 اگست 2025 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے پاک لائرز فورم اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ وکلا آزادی سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔پاک لائرز فورم کے صدر مدثر اقبال چوہدری نے مہمان خصوصی فیصل ندیم ، مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی اور دیگر معزز شرکا کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں وکلا کی بڑی تعداد، بار کے عہدیداران شریک ہوئے فیصل ندیم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہفتہ آزادی صرف تقریبات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ہمارے لیے تجدیدِ عہد کا لمحہ ہے کہ ہم پاکستان کے نظریاتی اور جمہوری تشخص کی حفاظت کریں۔ وکلا برادری نے قیامِ پاکستان میں بھی تاریخی کردار ادا کیا اور آج بھی ملک میں آئین و قانون کی سربلندی میں ان کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور قانون کی بالادستی کے لیے وکلا کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔