پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، لاہورکنال روڈ پر 38 من سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کرلی گئیں

مرغیاں بوریوں میں چھپا کر گاڑی میں سپلائی کی جا رہی تھیں، فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 3416 کلو ناقص گوشت اور 14ہزار400 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 56 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیئے گئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 اگست 2025 19:44

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، لاہورکنال روڈ پر 38 من سے زائد مردہ مرغیاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 13 اگست 2025ء) ڈی جی فود اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا صوبہ بھر میں کریک ڈاون جاری ہے، تفصیلات کے مطابق 3 ہزار 983 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 11 پوائنٹس بند جبکہ 408 کو 56 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 18 مقدمات درج کروائے گئے، جاری تفصیلات کے مطابق 64 ہزار 500 کلو گوشت اور 7لاکھ 82 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی جبکہ 3416 کلو ناقص گوشت اور 14 ہزار 400 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا 1188دودھ بردار گاڑیوں اور 435 ملک شاپس کی چیکنگ کی گئی، تلف کردہ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور غذائیت کی کمی پائی گئی، مزید برآں لاہور کنال روڈ پر سپلائر گاڑی نمبری MNK-3498 سے 38 من سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کی گئی، مرغیاں بوریوں میں چھپا کر سپلائی کی جا رہی تھیں، سپلائی کی جانے والی مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، مرغیاں مردہ پائی گئیں۔

(جاری ہے)

مردہ مرغیاں پیمکو بٹھی میں جلا کر تلف کر دی گئیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا انسانی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں،لاہور سمیت پنجاب بھر سے جعلسازی کرنے والوں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے،وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر پنجاب بھر سے صحت دشمنوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔ 
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور چوری روکنے کیلئے ڈجیٹلائزیشن کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوگئی۔

مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفارئنریز کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے پروٹو ٹائپ تیار کرلیا گیا، پہلے مرحلے میں 35 او ایم سیز اور ریفائزیز کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے پر کام جاری ہے۔ اوگرا حکام کے مطابق پہلے مرحلے کیلئے تیار پروٹو ٹائپ آئندہ چند ہفتوں میں لانچ کردیا جائے گا، درآمدی اور ملک میں ریفائن کی گئی مصنوعات کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائےگا، ڈیجیٹلائزیشن کے پائلٹ نظام میں ڈیٹا انٹری کے بعد ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں پیٹرول پمپوں کی فروخت کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، پیٹرول پمپوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے بعد سسٹم ایف بی آر سے منسلک ہوگا۔