ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ضلع میں جشن آزادی کے سیکیورٹی پلان کے حوالےسے اجلاس

بدھ 13 اگست 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ضلع میں جشن آزادی کے سیکیورٹی پلان کے حوالےسے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام ضلعی انتظامیہ سیکیورٹی اداروں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف سی، پولیس و لیویز فورس اور انٹیلیجنس اداروں کے آفیسرز و نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی قیام کیلئے ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ،14 اگست جشن آزادی کی سیکیورٹی کے حوالےسے تفصیلی غور و خوص کے بعد جامع پلان ترتیب دیا گیا اور ضلع میں تا حکم ثانی ہر قسم کی اسلحے کی نمائش فائرنگ پر پابندی لگا دی گئی اور جشن آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی جگہوں پر سیکیورٹی اہلکاروں و آفیسرز کی تعیناتی ترتیب دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ آج سے ضلع میں ہر قسم کی اسلحے کی نمائش اور فائرنگ ممنوع اور قابلِ سزا جرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ جشن آزادی پر خوشی کا اظہار کرنا اور جشن آزادی کا دن منانا ہر محب وطن پاکستانی کا حق اور طرح امتیاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی داخلی و خارجی سڑکوں رابطہ سڑکوں اور مین شاہراوں پر گشت اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے اور تمام مشکوک افراد گاڑیوں موٹر سائیکل سواروں کی جامع تلاشی اور تفتیش کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آئین و قانون کی بالادستی اور اپنے ادارتی قواعد و ضوابط اور اصولوں کی مکمل پابندی اور پیروی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ہم ایک خوشحال اور شاندار مستقبل کی تعمیر میں کامیاب ہو سکیں۔