پاکستان ہمارے ایمان، اتحاد اور قربانی کا استعارہ ہے، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی

بدھ 13 اگست 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے 78ویں یوم آزادی پاکستان پر قوم کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادی کا دن ہماری تاریخ کا سنہرا باب ہے، 14 اگست ہمیں یکجہتی، قربانی اور عزم کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ان لاکھوں شہدا اور مجاہدین کی قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے وطن کے لیے جدوجہد کی، پاکستان ہمارے ایمان، اتحاد اور قربانی کا استعارہ ہے، ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ نے کہاکہ ہمیں اس نعمت کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینی ہوگی، نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، ان کی تعلیم اور کردار سازی پر توجہ دینا ضروری ہے، ملکی ترقی کا راز اتحاد، محنت اور انصاف میں ہے، آو ہم آج یہ عہد کریں کہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے، ہمارے شہدا اور غازی ہماری پہچان اور فخر ہیں، اللہ پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔