لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہیں، ترجمان پنجاب پولیس

جمعرات 14 اگست 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار صوبہ بھر میں یوم آزادی کی تقریبات پر ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض ادا کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جشن آزادی کی 480سے زائد تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور کیے گئے ہیں۔

274ایلیٹ، 165کیو آر ایف، 1428موٹر سائیکل ٹیمیں اور 790پولیس وہیکلز پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ سکیورٹی چیکنگ کے لیے 143واک تھرو گیٹس اور 1762میٹل ڈٹیکٹرز کی مدد حاصل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔

اے پلس کیٹیگری کے 08، اے کیٹیگری کے 82 اور بی کیٹیگری کے 392 پروگرامز شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات پولیس جوان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پر کڑی نظر رکھیں۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز جشن آزادی کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، انٹیلی جنس ایجنسیاں، پٹرولنگ، ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ٹریفک پولیس بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔ ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، روڈز بلاک، خواتین کو تنگ کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس ہو گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہری قانون کے دائرے میں رہ کر آزادی کی خوشیاں منائیں اور تہذیب کا دامن نہ چھوڑیں۔