بلوچستان حکومت نوجوانوں بالخصوص خواتین کوکھیلوں کے مواقع کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے،پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ

جمعرات 14 اگست 2025 18:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے کہاہے کہ بلوچستان حکومت نوجوانوں بالخصوص خواتین کوکھیلوں کے مواقع کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ،بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،مواقعوں کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت وسائل بروئے کار لارہی ہے ،بلوچستان گیمز میں نوجوانوں کو مختلف کھیلوں میں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے مواقع ملیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان گیمز 2025 کے تحت ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں گرلز فٹبال ٹورنامنٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر میر لیاقت علی لہڑی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور دیگر اعزازی انعامات سے نوازا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بلوچستان کی بچیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ صوبائی حکومت نوجوانوں، بالخصوص خواتین کی کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کے کھیل کو خوب سراہا۔ اس موقع پر میر لیاقت علی لہڑی نے بلوچستان گیمز کو صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت سرگرمی قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔