خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چولستان رینجرز نے جشن آزادی کی خوشیاں ملکر منائیں

جمعرات 14 اگست 2025 18:05

ش*رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء)خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چولستان رینجرز نے جشن آزادی کی خوشیاں ملکر منائیں۔ جامعہ میں خصوصی شجر کاری مہم میں پودے لگائے گئے، دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیااور ملی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر خواجہ فرید یونیورسٹی میں مختلف تقریبات کاانعقاد کیا گیا۔

تقریبات کا آغاز پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے ہوا ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر جامعہ کے سکیورٹی گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ آج اس عہد کے کرنے کا بھی دن ہے کہ آج سے ہم باہمی نفرتیں بھلا دیں گے۔

(جاری ہے)

قومی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ ڈسپلن کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا یہی ترقی کا نسخہ کیمیا ہے۔ بعد ازاں جامعہ کے گراونڈ میں ہارٹی کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان اور سیکٹر کمانڈر چولستان رینجرز بریگیڈیئر توحید عصمت نے پودے لگائے اور رینجرز اور خواجہ فرید یونیورسٹی کی فیکلٹی کے درمیان ہونے والا دوستانہ کرکٹ میچ دیکھاجو کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کی فیکلٹی نے جیت لیا۔

جس پر معزز مہمانوں نے کھلاڑیوں کو داد دی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔اس موقع پر رجسٹرار خواجہ فرید یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکتر شہزاد مرتضی، ڈین آف آل فیکلٹیز ڈاکٹر محمد صغیر، ڈائریکٹر سٹودنٹ افیئرز ڈاکٹر اسلم خان سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، انتظامی افسران اور اساتذہ موجود تھے۔