ضلع شمالی وزیرستان میں 78واں یومِ آزادی اور معرکہ حق قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع شمالی وزیرستان میں بھی 78واں یومِ آزادی اور معرکہ حق قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان یوسف کریم کی قیادت میں 78ویں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات قومی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں یوم آزادی پرچم کشائی کی تقریب گولڈن ایرو ہائی سکول میرانشاہ میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم نے ڈی پی او وقار احمد و دیگر ضلعی انتظامیہ حکام کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر قومی ترانہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کیا گیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی سربراہی میں محکمہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران صبح 7 بج کر 59 منٹ پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سمیع اللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان، تحصیلدار، پولیس حکام، سرکاری محکموں کے افسران، علاقے کے مشران، اسکول کے طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پرچم کشائی کے بعد ڈپٹی کمشنر نے یومِ آزادی کی مناسبت سے خطاب کیا اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران و عملے میں بہترین کارکردگی پر انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں آزادی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور جشنِ آزادی کے نعرے بلند کیے۔ تقریب کا اختتام ملکی ترقی و خوشحالی کی دعا پر ہوا۔