اتحاد و یکجہتی اور جمہوری روایات کی پاسداری پاکستان کو دنیا میں باوقار اور مستحکم ملک بنا سکتی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 14 اگست 2025 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جسے لاکھوں جانوں کی قربانیوں اور ناقابلِ فراموش جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا۔ ہمیں آج کے دن اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے وطن کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے عوامی ڈیرہ کوبے چک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور انہیں جدید علوم، ٹیکنالوجی اور اخلاقی اقدار سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ہم معاشرتی انصاف، مساوات اور محنت کی بنیاد پر ایک مضبوط قوم کی تعمیر کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جشنِ آزادی محض خوشی منانے کا نہیں بلکہ ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے اور مستقبل کے اہداف کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا دن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اتحاد، یکجہتی اور جمہوری روایات کی پاسداری ہی پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار اور مستحکم ملک بنا سکتی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے محروم اور پسماندہ طبقے کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ تقریب میں ملی نغمے، پرچم کشائی اور بچوں کے وطن سے محبت پر مبنی تقاریر نے شرکاء کے جوش و خروش کو دوبالا کر دیا۔ملک بھر کی طرح کو بے چک میں بھی جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، قومی ترانے گائے اور وطن سے محبت کے عہد کو تازہ کیا۔