کلرسیداں و گردونواح میں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 22:50

کلرسیداں، 14 اگست (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح کلرسیداں و گردونواح میں بھی جشن آزادی پورے جوش و جذبے اور ملی بیداری کے ساتھ منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب بلدیہ دفتر کلرسیداں میں منعقد ہوئی، جہاں رکن اسمبلی راجہ صغیر احمد اور راجہ عبداللہ سرور نے قومی پرچم کشائی کی تقریب میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر، چیف آفیسر بلدیہ رفعت عباس پاشا، سابق ارکان بلدیہ، تاجر اور معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔دیگر تمام یوسیز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے قومی پرچم کی نقاب کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے مقامی امیر محمد توقیر اعوان مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب شام ساڑھے چار بجے پیرس شادی ہال میں ہوئی، جس کی صدارت صدر شیخ حسن فیاض سرائیکی نے کی جبکہ راجہ صغیر احمد اور راجہ اسامہ سرور نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔مرید چوک میں ڈویژنل والی بال کا چار روزہ ٹورنامنٹ بھی شروع ہوا، جس میں 32 ٹیموں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی اے سی کلر سیداں شبانہ نذیر اور چیف آفیسر بلدیہ رفعت عباس پاشا تھے۔ اس کے علاوہ شاہ باغ سے کلرسیداں تک سائیکل ریلی نکالی گئی، جبکہ سرصوبہ شاہ یوتھ لیگ کی جانب سے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ دیگر تمام دیہات و قصبات میں بھی جشن آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں۔