ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کاافتتاح کر دیا

جمعہ 15 اگست 2025 11:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی تاج محمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، طلبہ، اساتذہ اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید کمپیوٹر لیب ان کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور حکومت تعلیم کے شعبے میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیےاقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمپیوٹر لیب کے قیام سے نہ صرف طلبہ کو عملی طور پر کمپیوٹر سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ انہیں عالمی معیار کی تعلیم سے ہم آہنگ ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ رکن صوبائی اسمبلی تاج محمد خان نے کہا کہ نوجوان نسل کی ترقی اور کامیابی کے لیے جدید تعلیم ناگزیر ہے اور یہ لیب بٹگرام کے طلبہ کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ تقریب کے آخر میں شرکانے لیب کا معائنہ کیا اور وہاں موجود جدید کمپیوٹرز اور سہولیات کو سراہا۔