Live Updates

بٹگرام میں آسمانی بجلی اور بادل پھٹنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، 25افراد سیلابی ریلہ میں بہہ گئے،7 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں

جمعہ 15 اگست 2025 13:50

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) بٹگرام اور مانسہرہ کے وسطی باﺅنڈری علاقہ میں آسمانی بجلی اور بادل پھٹنے کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے 20 سے 25 افراد سیلابی ریلہ میں بہہ گئے، تین سے چار گھر مکمل طور پر ریلہ کی نذر ہو گئے جن میں سے 20 سے 25 افراد موجود تھے، 7 افراد کی نعشیں مختلف علاقوں سے نکال لی گئی ہیں۔ اس حوالہ اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام سردار سلیم خان نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ریلے میں ڈوبنے والے 9 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں، ریسکیو 1122 اور دیگر اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

بٹگرام اور مانسہرہ کی سرحد پر واقع علاقہ نیلی بنگ میں آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلے سے تین سے چار گھر مکمل طور پر پانی میں بہہ گئے ہیں جس میں 20 سے 30 افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں، اب تک سیلابی ریلے سے 9 نعشوں کو نکال لیا گیا ہے جن میں 6 مرد، 2 عورتیں اور ایک بچی شامل ہے، علاقہ میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر سردار سلیم خان کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی موقع پر موجود امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی ٹیمیں ہماری موجودگی میں یہاں پہنچ گئی تھیں، ریسکیو اہلکار اب تک 9 نعشوں کو ریکور کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعہ صبح کی علی الصبح انہیں اطلاع ملی تھی کہ دھیری حلیم نیلی بنگ ضلع مانسہرہ کی حدود میں آسمانی بجلی اور بادل پھٹنے سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے تین سے چار گھر پانی کی نذر ہو چکے ہیں، ان گھروں میں موجود افراد کی باڈیز ڈیم سٹریم بٹگرام کی طرف آئی ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کی اور اب تک 9 نعشوں کو ریکور کر لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کا دیگر سٹاف بھی موقع پر موجود ہے، ابھی ریسکیو ٹیمیں مزید کام کر رہی ہیں، ان جگہوں تک پہنچنے کیلئے پیدل سفر کر کے جایا جاتا ہے، یہاں کے راستے انتہائی دشوار گذار ہے، بہت سی جگہوں پر سڑک کا نظام موجود نہیں ہے۔ سردار سلیم نے کہا کہ یہاں پر موسم انتہائی خراب ہے، مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ابھی تک ہیلی کاپٹر سروس شروع نہیں ہو سکی ہے، ہم خود پیدل جا کر مختلف جگہوں سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، انشاءاﷲ بہت جلد تمام افراد کو ریکور کر لیں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات