ملک کی آم کی مجموعی پیداوار 1.7 ملین ٹن میں 70 فیصدحصہ پنجاب کاہے،ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 15 اگست 2025 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے بتایا کہ ملک کی آم کی مجموعی پیداوار 1.7 ملین ٹن میں 70 فیصدحصہ پنجاب کاہے جس میں مزید اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کا لائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پاکستان زیادہ آم کی پیداوار حاصل کرنیوالے ممالک میں چھٹے نمبر پر ہے اور پاکستان میں 0.142 ملین ایکڑ رقبہ آم کے باغات پر مشتمل ہے اس طرح پاکستان میں آم کی پیداوار سٹرس کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان میں پیدا ہونے والا آم پوری دنیا میں اپنی خوشبو اور میٹھے ذائقے کے اعتبار سے مشہور ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آم کی مختلف اقسام کے معیار کو بہتر بنانے اور اس کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اوراس مقصد کیلئے آم کے باغبانوں اور اسٹیک ہولڈرز کیلئے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ وتکینکی معاونت اور آگاہی کو فروغ دینے کیلئے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد جاری ہے۔