شیری رحمان کا باجوڑ میں سیلابی تباہی اور مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

ماحولیاتی تبدیلی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے، فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں، سابق وزیر کا بیان

جمعہ 15 اگست 2025 14:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے باجوڑ میں سیلابی تباہی اور مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے، فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ باجوڑ اور مظفر آباد میں ایک اور سیلابی ریلہ تباہی لے آیا، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کیلئے دعاگو ہیں۔

انہوںنے کہاکہ سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ جیسے واقعات اب غیر معمولی نہیں رہے، یہ آئے روز سنگین ہوتے چلے جار ہے ہیں ۔ شیری رحمن نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے، فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں،کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار متاثرین کے لیے فوری ریلیف اور بحالی کا عمل تیز کریں۔

(جاری ہے)

شیری رحمن نے کہاکہ یہ صرف موسم کی تبدیلی نہیں، یہ انسانی المیے کا آغاز ہے، ہمیں بحیثیت قوم بیدار ہونا ہوگا ۔

شیری رحمن نے کہاکہ ہر سانحے کے بعد افسوس کافی نہیں، ہمیں پیشگی تیاری، پالیسی اور عملی اقدامات کی طرف جانا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ آبادیوں کا تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ غریب اور پسماندہ علاقے ماحولیاتی آفات کا پہلا نشانہ بنتے ہیں، ان کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ ریسکیو اور ریلیف ٹیموں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، مگر ان کے وسائل بڑھانا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو نظر انداز کر کے ہم اپنی بقاء کے دروازے خود بند کر رہے ہیں۔