Live Updates

مانسہرہ پولیس کاسیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کنٹرول روم قائم

جمعہ 15 اگست 2025 15:38

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ضلع میں مسلسل جاری بارشوں سے مختلف علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈسلائیڈنگ کے پیش آنے والے واقعات کے باعث کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر رسپانس دینے کے لئے ایمرجنسی کنڑول روم 0997920110 قائم کر دیا ہے، جو ہر آدھے گھنٹے کے بعد ضلع کی مجموعی صورتحال کے بارے میں ڈی پی او مانسہرہ کو براہ راست رپورٹ کرے گا۔

مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے پولیس افسران و اہلکاروں کو اپنے اپنے تھانوں اور چوکیوں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلع بھر میں تمام پولیس فورس ہائی الرٹ پر ہے اور تمام تھانوں کے افسران اور اہلکار خود فیلڈ میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے مانسہرہ پولیس نے کہا ہے کہ تھانہ بٹل کی حدود ڈھیری حلیم میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے 6 گھر سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے جس میں تقریباً 26/27 افراد اور مال مویشی بہہ گئے جن میں سے بٹگرام کی حدود تھانہ شملائی سے 9 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔

تھانہ ناران کی حدود جھیل سمہک سر میں بارش کے بعد پھنس جانے والے 7 سیاحوں کو مانسہرہ پولیس نے ریسکیو کیا۔ تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود خیر آباد میں بارش کی وجہ سے گھر گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی جس کو ریسکیو کر لیا گیا۔ تھانہ بالاکوٹ کی حدود بیسیاں میں مہران گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق اور 1 زخمی ہوا۔

تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود بٹراسی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند ہو گئی جسے مانسہرہ پولیس نے دیگر انتظامی محکموں اور عوام کے ساتھ مل کر فوری رسپانس کے بعد ٹریفک کے لئے بحال کر دیا۔ مانسہرہ پولیس نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ندی نالوں سے خود بھی دور رہیں اور اپنے بچوں پر بھی نظر رکھیں، کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مانسہرہ پولیس کے کنڑول روم پر کال کر کے اطلاع دیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات