پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی ای کچہری ، صارفین نے اپنے مسائل، تجاویز اور آرا پیش کیں

جمعہ 15 اگست 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جمعہ کو ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، ملک بھر کے ایئرپورٹس کی سہولیات اور خدمات کے حوالے سے صارفین نے اپنے مسائل، تجاویز اور آرا پیش کیں۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک کچہری کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید نے کی۔

اس موقع پر ایس کیو ایم ایس، انجینئرنگ سروسز، کمرشل اینڈ اسٹیٹ، ہیومن ریسورسز اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ای کچہری پی اے اے کے آفیشل فیس بک پیج پر براہ راست نشر کی گئی جس میں عوام نے ملک بھر کے ایئرپورٹس کی سہولیات اور خدمات کے حوالے سے اپنے مسائل، تجاویز اور رائے پیش کی۔

(جاری ہے)

عوام کی جانب سے مسافروں کی سہولت، ایئرپورٹس پر خوراک کے معیار، سامان کی ہینڈلنگ، پروازوں میں تاخیر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن سمیت متعدد امور پر گفتگو ہوئی۔

اے ٹی ایم مشینز کی دستیابی، انٹرنیٹ سروس اور مسافروں کی کلیئرنس کے عمل سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی آراکو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایئرلائنز اور دیگر تمام تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کا رن وے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ یہاں اے 320 طیارے اتر سکیں۔

یہ منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مسافروں کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کا ایئرلائنز کے لئے مالی طور پر منافع بخش منزل بننے کا قوی امکان ہے۔ہیومن ریسورسز سے متعلق سوالات میں مخصوص عہدوں کے لیے انتخابی معیار، ملازمین کی فلاح و بہبود اور انٹرنشپ پروگرامز شامل تھے۔ کنٹریکٹرز کے معاہدوں کی خلاف ورزی اور تنخواہوں سے متعلق شکایات پر بھی نوٹ لیا گیا۔