یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں مختلف تقریبات

جمعہ 15 اگست 2025 17:02

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں "معرکہ حق" آگاہی واک سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ "معرکہ حق" ریلی میں شرکانے دفاعِ وطن کے لیے پاک افواج کی لازوال قربانیوں کوخراجِ تحسین پیش کیا اور عہد کیا کہ مادرِ وطن کی آزادی، سالمیت اور ترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

تقریب کے دوران ڈاکٹر ملک منیب عابد نے پرچم کشائی کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق ہمیں اس عزم اور قربانی کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ آج ہمیں اس جذبے کو زندہ رکھتے ہوئے سائنسی، تکنیکی اور معاشی میدان میں ترقی کو اپنا نصب العین بنانا ہے، تاکہ پاکستان نہ صرف دفاعی لحاظ سے مضبوط بلکہ ترقی وخوشحالی میں بھی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔

(جاری ہے)

جشنِ آزادی کی تقریبات میں کالج آف انجینئرنگ کی جانب سے کوئز اور ٹیبل ٹینس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف ٹیکنالوجی پراجیکٹس پر مشتمل نمائش بھی منعقد ہوئی، جسے شرکا کی جانب سے خوب سراہا گیا۔تقریبات میں پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ملک منیب عابد، ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر علی صالح حیات کلیان، پرنسپل زرعی کالج پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، ایس ڈی او اریگیشن محمد گل پاشا، چیئرمین شعبہ مکینیکل انجینئرنگ ڈاکٹر محمد حارث عزیز، چیئرمین شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ ڈاکٹر سعید خان، ایڈووکیٹ بار کونسل سرگودھا خاور چیمہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔