پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا تاریخی اعزاز، ایک ہی دن میں 14 ٹاوی سرجریاں

جمعہ 15 اگست 2025 17:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) نے خیبر پختونخوا کے واحد امراضِ قلب کے ہسپتال کے طور پر 14 اگست کو ایک ہی دن میں 14 ٹاوی سرجریاں کامیابی سے انجام دے کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔تر جمان کے مطابق اس کامیابی کے ذریعے 14 قیمتی انسانی جانیں بچائی گئیں۔ ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق سربیا کا ایک دن میں 13 سرجریوں کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارنامہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جو جدید طبی سہولیات اور بہترین ٹیم ورک کی عکاسی کرتا ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر پی آئی سی ڈاکٹر علی رضا کے مطابق، بغیر سینہ چاک کیے 14 مریضوں کے دل کے والو کو ایک ہی دن میں تبدیل کرنا ایک غیر معمولی چیلنج تھا۔

(جاری ہے)

ان مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں تھی، مگر جدید ٹاوی طریقہ علاج سے کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ریکارڈ ساز آپریشن میں پی آئی سی کی سربراہی میں ملک کے بڑے اسپتالوں کے کارڈیالوجسٹ اور سرجنز نے حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑی کامیابی صوبائی حکومت کے تعاون کے بغیر نا ممکن تھی ۔ شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر عابد اللہ نے بتایا کہ 70 سے 80 سال عمر کے مریضوں کو ٹاوی سرجری کے ذریعے نئی زندگی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پی آئی سی کی ماہر کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری ٹیم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے اور یہ ادارہ اس سے قبل بھی پاکستان کے لیے کئی عالمی اعزازات حاصل کر چکا ہے، جو صوبے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

ڈین پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے اس تاریخی موقع پر تمام عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز، کیتھ لیب اور آپریشن تھیٹر اسٹاف، ٹیکنالوجسٹ، اینستھیزیا، نرسنگ اور تمام معاون عملے کی بھرپور شمولیت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق یہ عالمی معیار کی سہولیات اور مہارت کا مظہر ہے اور پاکستان کے طبی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ پی آئی سی آئندہ بھی عالمی معیار کی خدمات اور عالمی اعزازات کے حصول کا سلسلہ جاری رکھے گا۔